لاک ڈاؤن کے باوجود شہر میں ڈکیتی و چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا

لاک ڈاؤن کے باوجود شہر میں ڈکیتی و چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( وقاص احمد ) شہر میں چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکل اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے باوجود شہر میں ڈکیتیوں کا سلسلہ جاری ہے، تھانہ سبزہ زار کے علاقے میں ڈاکو دن دیہاڑے گھر کی دہلیز پر شہری سے ایک لاکھ تیس ہزار روپے اور دو موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

بی بلاک کا رہائشی محمدعثمان بینک سے ایک لاکھ تیس ہزار روپے لیکر گھر آرہا تھا کہ اسی دوران موٹرسائیکل پر ہیلمٹ پہنے دو ڈاکو محمد عثمان کو گھرکی دہلیز پر پہنچتے ہی اسلحہ کے زور پر لوٹ کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ شہری عثمان نے واردات کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا۔

شیراکوٹ کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے ابراہیم سے 24 ہزار کی نقد ی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا جبکہ شمالی چھاؤنی اور مصری شاہ سے گاڑیاں اور ہنجروال، لوئر مال اور اچھرہ سے موٹر سائیکل چوری ہوگئیں۔

یاد رہے لاک ڈاؤن کے دوران 13 افراد کو مختلف وجوہات پر قتل کیا گیا، جبکہ لاک ڈاؤن کے پہلے 15 دنوں میں 18 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، کاروباری بندش کے دنوں میں بھی 124 افراد ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مال سے محروم ہوئے جبکہ لاک ڈاون سے قبل 15 دنوں میں 164 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ اسی طرح گاڑی و موٹرسائیکل چوری کی 312 وارداتیں لاک ڈاؤن کے دوران ہی رپورٹ ہوئیں۔