(علی ساہی) کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والی پنجاب پولیس کے 20 جوان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، قرنطینہ سنٹرز, ناکوں, دفاتر میں ڈیوٹی کرنے والوں سمیت آئی جی آفس کے ایک ملازم میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں دن بدن کورونا وائرس کے مریض بڑھتے جارہے ہیں جب کہ اسکی روک تھام کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ملازمین بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں, پولیس اہلکار بھی کوروناوائرس کی روک تھام کے لیے قرنطینہ سنٹرز, احساس پروگرام, ناکہ بندی, سیکیورٹی سمیت دیگر ڈیوٹیوں پر موجود ہیں۔
اسی حوالے سے ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ اب تک 20 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں لاہور, ملتان, ڈی جی خان سمیت دیگر اضلاع کے ملازمین شامل ہیں, جب کہ سی پی او کا ایک ملازم جو کہ ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاونٹیبلٹی برانچ کا پی ایس ہے کے ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔ ملازم کے ساتھ کام کرنے والے مزید12ملازمین کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن کی رپورٹس کل تک موصول ہوجائیں گی جبکہ برانچ کو بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق لاہور میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 1217 ہوگئی اسکے ساتھ ساتھ پنجاب سے کورونا وائرس کے 120 نئے کیس سامنے آگئے اور کل تعداد 5446 ہو گئی۔علاوہ ازیں پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک 81 اموات ہوئیں جبکہ 1183افرادصحت یاب ہوگئے، ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔