طیب سیف: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کو موخر کرنے کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد میں اتفاق رائے نہ ہوسکا، احتجاج موخر کرنے کا اعلان کون کرے گا، معاملہ معمہ بن گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے احتجاج موخر کرنے کا اعلان اپوزیشن اتحاد سے کروانے کا فیصلہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر نے الگ الگ محمود خان اچکزئی سے احتجاج موخر کرنے کی درخواست کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے احتجاج موخر یا منسوخ کرنے سے انکار کردیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ جب پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دی تھی تو اس وقت مشاورت نہیں کی گئی، اب احتجاج موخر کرنے کا اعلان ہم کیوں کریں؟
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے بانی کی سالگرہ 5 اکتوبر پر احتجاج کرنے کی تجویز دی، جبکہ محمود خان اچکزئی نے 27 ستمبر کو احتجاج شروع کرکے اسے 5 اکتوبر تک جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے اصرار کے باوجود محمود خان اچکزئی احتجاج ملتوی کرنے کا فیصلہ اپنے اوپر لینے پر راضی نہ ہوئے۔