عرفان ملک:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کی کارکردگی مزید فعال بنانے کے لیے بڑے فیصلے کرتے ہوئے ادارے کے تنظیمی ڈھانچے میں اصلاحات کا آغاز کر دیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کے آپریشنل ڈھانچے کو ازسرنو ترتیب دیتے ہوئے3 ریجنز قائم کر دیے گئے ہیں، جن میں نارتھ، سنٹرل اور ساؤتھ ریجن شامل ہیں۔ ہر ریجن کی قیادت ایک ایڈیشنل ڈی جی کریں گے، اس سے قبل ایف آئی اے میں صرف نارتھ اور ساؤتھ ریجن تھے۔
نارتھ ریجن میں اسلام آباد، گلگت بلتستان، پشاور اور کوہاٹ زون شامل ہوں گے، سنٹرل ریجن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان زون شامل ہوں گے جبکہ ساؤتھ ریجن میں کراچی، حیدر آباد، سکھر اور بلوچستان زون شامل کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، ایف آئی اے میں 2 نئے زونز بھی قائم کیے گئے ہیں، گلگت بلتستان زون کا دفتر گلگت میں اور سکھر زون کا دفتر سکھر میں بنایا جائے گا، اس کے ساتھ لاہور میں ایڈیشنل ڈی جی کا آفس بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان آپریشنل اصلاحات سے ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا، خطے کی ضروریات کے مطابق فیصلے اور وسائل کی تقسیم ممکن ہو سکے گی، فیصلہ سازی میں تیزی آئے گی اور جوابدہی میں بہتری کے ساتھ عوام کو خدمات کی فراہمی مزید مؤثر ہو گی۔