ویب ڈیسک: ایشیا کپ کے بعد پیدا ہونے والے ایک نئے تنازع میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو ممکنہ طور پر آئی سی سی کی کارروائی کا سامنا کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوریا کمار یادیو کے سیاسی نوعیت کے بیان پر باقاعدہ شکایت درج کروائی تھی جس پر اب آئی سی سی نے غور شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ کے بعد سوریا کمار یادیو نے ایک متنازع بیان دیا جسے پی سی بی نے "کھیل کی روح اور ضابطۂ اخلاق" کے منافی قرار دیا۔ ایشیا کپ کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا کہ بیان کھیل کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے 2آفیشل رپورٹس کے ذریعے شواہد آئی سی سی کو پیش کیے ہیں اور میچ ریفری نے بھی ان شواہد کی روشنی میں سوریا کمار کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوریا کمار کے ریمارکس "کھیل کے مفاد کے خلاف" تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوریا کمار یادیو کے خلاف کارروائی کا جلد امکان ہے۔