فاران یامین: لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور سرِعام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق گڑھی شاہو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پٹرولنگ ٹیم کی مدد سے ملزم کو حراست میں لیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ ٹیم نے "سٹاپ اینڈ سرچ" میتھڈ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گڑھی شاہو چوک کے قریب ملزم داؤد کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی متعدد ویڈیوز وائرل ہو چکی ہیں، جن کی روشنی میں اسے حراست میں لیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے انویسٹیگیشن وِنگ کے حوالے کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔