عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلایا ہے، وزیرِ اعظم

عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی مدد کا یقین دلایا ہے، وزیرِ اعظم
کیپشن: Shahbaz Sharif
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے یقین دلایا ہے کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔

شہباز شریف کی زیرِ صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں پر جائزے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اعظم لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو این ایف آر سی سی حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کو حکومت کی امدادی کارروائیوں اور بحالی کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور تعزیت کی، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ پورے اخلاص کے ساتھ پاکستان کی مدد کی جائے گی۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یقین دلایا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ڈونرز کانفرنس کرائی جائے گی، بل گیٹس سے ملاقات میں سیلاب زدہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کے معاملات پر بات ہوئی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی برادری اور پاکستانی اداروں کی کوششوں سے ہم انشاء اللّٰه اس مشکل سے نکل آئیں گے۔