ملک بھر میں 59کورونا مریض زندگیاں ہار گئے

ملک بھر میں 59کورونا مریض زندگیاں ہار گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:ملک میں کورونا سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے جب کہ مزید 3000 سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو ساڑھے چار ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔


پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41583 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3009 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 59 افراد انتقال کرگئے۔
 
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے کیسز تقریباً ساڑھے چار ماہ کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز ہیں، اس سے قبل 9 جولائی کو ملک میں ایک روز کے دوران کورونا کے 3359 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7803 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 82892 تک جا پہنچے ہیں۔اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1214 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بچائو کی ویکسین آئندہ سال کی دوسری سہہ ماہی تک میسر ہوگی ،پہلی کھیپ میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی ،اس کے بعد باقی لوگوں کی باری آئے گی۔

دوسری جانب سابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے جو اقدامات کرنے چاہئے تھے وہ نہیں کیے گئے،ابھی بھی حالات قابو میں ہیں ۔کورونا  ویکسین ملنے میں ابھی وقت لگے گا۔

یاد رہے کہ  پاکستان نے باقاعدہ طور پر کورونا ویکسین کی تیاری کا عمل شروع کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارت صحت کو کورونا ویکسین کی تیاری کے لیے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت تمام اسٹیک ہولڈرز اور پرائیویٹ سیکٹر سے مشاورت کرکے تجاویز تیار کرے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer