راؤ دلشاد:عیدالاضحیٰ کے حوالے سے پنجاب حکومت کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولیات کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت تمام متعلقہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دوران صفائی کے انتظامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق عید کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی جبکہ پردیسی اپنے گھروں کو جانا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی پلان پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عید کے تینوں دن سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ ہے اور چین کی حمایت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہی ہے۔
بلال یاسین کے مطابق صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے تقریباً 30 ہزار پوائنٹس پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ورکرز ڈور ٹو ڈور جا کر صفائی مہم کو کامیاب بنائیں گے۔