عابد چودھری: کوٹ لکھپت سے ملنے والی بوری بند لاش کے معمہ کو پولیس نے حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کشمالہ فاروق کے مطابق مقتول کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی، جسے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔
اے ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزمہ نسیم بی بی کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول اشرف مبینہ طور پر نسیم بی بی اور اس کی بیٹی کو بلیک میل کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کے نسیم بی بی اور اس کی بیٹی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جبکہ ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اشرف مبینہ طور پر ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔
اے ایس پی کشمالہ فاروق نے بتایا کہ ملزمان نے اشرف کو قتل کرنے کے بعد لاش کو جلایا اور بعد ازاں بوری میں بند کرکے ویرانے میں پھینک دیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔