سٹی42: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے تجارتی دنیا کو خبردار کر دیا ہے کہ مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ممنوعہ تجارتی معاہدوں، قیمتوں کے تعین اور مارکیٹ کی غیر قانونی تقسیم پر اب کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
سی سی پی کے مطابق ایسی تمام کمپنیاں جو ڈیلرز یا ریٹیلرز سے غیرمنصفانہ شرائط پر معاہدے کرتی ہیں یا کمیشن کی اجازت کے بغیر باہمی کاروباری معاہدے کرتی ہیں وہ کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوں گی اور ان کے معاہدے کالعدم تصور کیے جائیں گے۔
کمیشن نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر ان کے سالانہ کاروباری حجم کا 10 فیصد بطور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جو کہ بعض صورتوں میں 7 کروڑ 50 لاکھ روپے تک جا سکتا ہے۔
سی سی پی کے مطابق صرف وہ معاہدے جن میں پیداواری یا تکنیکی بہتری کا عنصر ہو، مشروط اجازت کیلئے اہل ہو سکتے ہیں۔ تمام کمپنیوں کو اس حوالے سے سیکشن 5 کے تحت باقاعدہ استثنیٰ کے لیے درخواست دینا ہوگی ورنہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔