(عثمان خان) وزارتِ مذہبی امور نےعازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری دی ہے، وزارتِ نےحج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کےاعلان کے مطابق عازمین اپنی پروازوں کی معلومات پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ یہ معلومات وزارت کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا اور یہ سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ اعلانات اور اپنی پرواز سے متعلق اپ ڈیٹس کے لیے پاک حج 2026 موبائل ایپ کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔
پاکستان سے پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی۔ وزارت مذہبی امور پاکستان سے سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا ۔18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی ۔ عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ پاکستان سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔
سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا ۔51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی ۔حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا ۔جدہ کے لئے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز کیا جائے گا
مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو چلے گی ۔پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا ۔ حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی پی آئی اے،ائیر بلیو،ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی اسلام آباد سے 129،کراچی 124 اور لاہور سے 104 پروازیں چلیں گی ۔کوئٹہ سے 18 ،ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے جائیں گی۔