عابد چودھری: ڈیفنس میں 19 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتی میں ملوث ملزمان گجومتہ کے علاقے میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گجومتہ میں ایک ناکے پر مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم گاڑی میں سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی کو تیزی سے موقع سے بھگا دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ناکے سے کچھ فاصلے پر پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت زازے خان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان اپنے زخمی ساتھی کو لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔