ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں مغوی کی عدم بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا، تاہم پولیس کارکردگی پر اظہار برہمی بھی کیا گیا۔
جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے سائلہ خالدہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کھوکھر عدالت کے روبرو پیش ہوئے، جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل اسد تحریم بیگ بھی موجود تھے۔دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیے بغیر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر کیس کو نمٹا دیا۔
تاہم اس موقع پر عدالت نے ڈی پی او جھنگ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سخت ریمارکس دیے۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ڈی پی او سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ دوسرا موقع ہے، آئندہ تیسری مرتبہ ایسا نہ ہو"، "آپ کو جو کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا"