لاہور ہائیکورٹ نے نیب کی مریم نواز کیخلاف درخواست نمٹا دی

Maryam Nawaz
کیپشن: Maryam Nawaz
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) مریم نواز کی کارکنوں کے ہمراہ نیب آفس میں پیشی کا معاملہ، عدالت نے نیب کی درخواست نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا تو قانون اپنا راستہ بنا سکتا ہے، عدالت کس طرح کوئی حکم پاس کر سکتی ہے؟۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بنچ نے نیب کی درخواست پر سماعت کی، نیب کی طرف سے سپیشل پراسیکیوٹر سید فیصل رضا بخاری پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مریم نواز کو نیب نے 26 مارچ کو دو کیسز میں طلب کر رکھا ہے، مریم نواز نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کیساتھ نیب میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے۔

 جسٹس سردارمحمد سرفراز ڈوگر نے نیب وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرے، یہ تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائے، آپ یہ معاملہ عدالت کیوں لے آئے ہیں؟

  نیب وکیل نے جواب دیا کہ میں نے تو آئین کے آرٹیکل 5 کی عملدری کیلئے درخواست دائر کی ہے۔

 جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا کہ میری طرف سے رینجرز کو بلا کر لگا لیں،آپ عدالتوں کو ایسے معاملات میں شامل نہ کریں، آپ کے پاس ڈپٹی کمشنر کی اتھارٹی ہے، آپ وہاں جائیں۔ 

نیب وکیل نے کہا کہ نیب کے پاس ڈپٹی کمشنر کی اتھارٹی نہیں، نیب وفاق کے زیر انتظام ہے۔ 

جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا آپ جو چاہتے ہیں وہ کریں، عدالت کیوں اس میں مداخلت کرے، عدالت مریم کو نہیں روکے گی، نیب اس معاملے سے خود نمٹے، یہ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

 واضح رہےکہ نیب درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ مریم نواز کو اکیلے نیب میں پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔

Sughra Afzal

Content Writer