سٹی 42:شرح سود کم ہوتے ہی ڈالر نے چھلانگ لگادی۔
انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں اضافہ،انٹربینک میں ڈالر3 روپے اضافے کے بعد162روپے کا ہو گیا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان بدستور برقرار ہے اور 100 انڈکس میں شدید مندی کے بعد آج کاروبار دو گھنٹے کے لیے روک دیا گیا ہے۔
کوروناوائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے جاری مندی کا سلسلہ بدستور برقرار ہے اور آج بھی 100 انڈکس میں 1270 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔1270 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈکس میں 27294 پر پہنچ گیا جس کے بعد کاروبار 45 منٹ کے بجائے 2 گھنٹے کے لیے روک دیا گیا۔ایک طرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان برقرار ہے تو دوسری طرف ڈالر کی اونچی اڑان شروع ہو گئی ہے، آج انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 162 روپے کا ہوگیا ہے۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 1039 ہوگئی۔ملک میں کورونا وائرس سے اب تک خیبرپختونخوا میں 3، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب میں ایک ایک ہلاکت ہوگئی۔مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ملک بھر میں لاک ڈائون ہے،چھوٹے بڑے شہروں، پاک فوج،پولیس کے دستے تعینات ہیں۔