اسرار خان:شہر میں کمرشل گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پولیس اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کمرشل گاڑیوں کی چوری کی وارداتوں میں 45 فیصد تک کمی سامنے آئی ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2025ء کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 342 کمرشل گاڑیاں چوری ہوئیں، جبکہ رواں سال اسی مدت میں کمرشل گاڑیوں کی چوری کے 188 مقدمات درج کیے گئے۔ ان گاڑیوں میں بسیں، ٹرک، مسافر وین، رکشے اور دیگر لوڈر گاڑیاں شامل ہیں۔
ڈویژن وار اعداد و شمار کے مطابق ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال 62 جبکہ رواں سال 26 کمرشل گاڑیوں کی چوری رپورٹ ہوئی۔ اقبال ٹاؤن ڈویژن میں گزشتہ سال 52 کے مقابلے میں رواں سال 20 مقدمات درج ہوئے۔
اسی طرح صدر ڈویژن میں گزشتہ سال 79 جبکہ رواں سال 46 وارداتیں رپورٹ کی گئیں، جبکہ سول لائنز ڈویژن میں گزشتہ سال 56 کے مقابلے میں رواں سال 24 کمرشل گاڑیاں چوری ہوئیں۔
کینٹ ڈویژن میں بھی کمی دیکھنے میں آئی جہاں گزشتہ سال 48 اور رواں سال 24 مقدمات درج ہوئے، تاہم سٹی ڈویژن میں گزشتہ سال 45 کے مقابلے میں رواں سال 48 وارداتیں رپورٹ ہونے سے معمولی اضافہ سامنے آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر شہر میں کمرشل گاڑیوں کی چوری کے رجحان میں کمی دیکھی گئی، تاہم بعض علاقوں میں چیلنج بدستور موجود ہے۔