( فخر امام ) چوہنگ کے علاقہ میں مبینہ طور پر محبت میں ناکامی پر پولیس کانسٹیبل نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا،25 سالہ وقار بلوچستان پولیس کا اہلکار جبکہ لاہور میں اعلی افسر کے ساتھ تعینات تھا، شہر میں گزشتہ 2 روز کے دوران خودکشی کرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
چوہنگ کے علاقے میں 25 سالہ پولیس کانسٹیبل نے مبینہ طور پر محبت میں ناکامی کے بعد خودکشی کر لی، مقتول وقار یونس بلوچستان پولیس کا اہلکار جبکہ لاہور میں پولیس افسر کے ساتھ بطور گن مین تعینات تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل نے خوشاب میں محبوبہ کی خودکشی کے بعد زہریلی گولیاں کھاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
خودکشی کے دیگر واقعات میں چوہنگ ہی کے علاقہ میں 18 سالہ نصرین، شاہدرہ میں تین بچوں کے باپ 40 سالہ زبیر اور ساندہ کے علاقے میں 35 سالہ خاتون نے گھریلو جھگڑے کے بعد زہریلی گولیاں کھا لیں جبکہ گرین ٹاؤن کے علاقہ میں 20 سالہ بلال نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ گزشتہ روز ستوکتلہ کے علاقہ میں 18 سالہ عالیہ نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر زہریلا کیمیل پی لیا۔
اس حوالے سے ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ مایوسی سے دور رہتے ہوئے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہئیے۔ ڈپریشن کے شکار افراد اگر ابتدائی مرحلے میں ہی ماہرین نفسیات سے رجوع کر لیں تو ایسی صورتحال سے نکل سکتے ہیں۔
خودکشی کے واقعات میں اکثریت بے روزگاری، گھریلو حالات اور ڈپریشن سمیت دیگر ذہنی امراض کی تعداد زیادہ ہے جبکہ انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لیے محض سزا کا خوف ہی نہیں بلکہ بروقت قریبی مدد یا ماہر نفسیات تک رسائی کو آسان بنانا بھی ضروری ہے۔