سٹی 42: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 کے امیدوار کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض افراد کی زبان بھارت سے بھی زیادہ سخت ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں پاک فوج اور پولیس کے اہلکاروں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں کہا کہ 1947 میں پاکستان آنے والے مہاجرین نے بے مثال قربانیاں دیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا لاکھوں مہاجرین خون کی لکیر عبور کر کے پاکستان پہنچے اور مال و جان کی عظیم قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مہاجرین کے بچوں تک کو شہید کیا گیا، اس لیے ان کے احسانات کا قرض ادا نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 برس کے دوران انتخابات میں اختلافات ضرور رہے، تاہم اب ایک ایکشن کمیٹی نے پاکستان میں آباد مہاجرین کو سیاسی مسئلہ بنا دیا ہے۔ ان کے بقول، آزاد کشمیر اور پاکستان دونوں کی ذمہ داری ہے کہ وہاں ترقیاتی کام کیے جائیں۔
وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ ایک گروہ نے ماضی میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بلیک میل کرکے 25 ارب روپے حاصل کیے، جبکہ اب یہی عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کے تعلقات کو چیلنج کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں نے قربانیاں نہیں دیں، لیکن وہ مہاجرین کی مخصوص نشستیں ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے عناصر کی بڑی تعداد بیرون ملک مقیم ہے اور انہیں بیرون ملک سے مالی معاونت حاصل ہوتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اس معاملے پر صرف مسلم لیگ (ن) نے کھل کر مزاحمت اور یکجہتی کی آواز بلند کی، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی مصلحت نے نام نہاد ایکشن کمیٹی کو تقویت دی، جس کا فائدہ بھارت کو پہنچ رہا ہے۔
خواجہ آصف نے اس موقع پر سیالکوٹ میں بارشوں کے بعد پانی کی نکاسی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔