ویب ڈیسک: طاقتور سمندری طوفان نول (Noul) جنوبی چین اور ہانگ کانگ کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے پیش نظر چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ سے 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ 150 سے زائد پروازیں منسوخ اور ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
چین کے محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی صبح گوانگ ڈونگ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا امکان ہے، جہاں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ میں بھی طوفانی انتباہ جاری کرتے ہوئے ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ جنوبی چین اور تائیوان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔