مریم مظہر:فیروزپور روڈ کے علاقے محلہ چراغ پارک میں بجلی کے خستہ حال کھمبے اور ٹوٹی ہوئی تاریں شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بن گئی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کے بعد پہلے سے ٹیڑھے کھمبے مزید جھک گئے ہیں جبکہ بجلی کی تاریں ٹوٹ کر کھمبوں سے لٹک رہی ہیں اور زمین کے قریب آ گئی ہیں، جس سے کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی خطرناک صورتحال کے باعث متعدد افراد کو کرنٹ لگنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں، جبکہ دکاندار اور شہری مسلسل خوف کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق انہوں نے کئی بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کروائیں، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے خستہ حال کھمبوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور ٹوٹی ہوئی تاروں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔