سٹی 42 : صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت، معیشت و ثقافت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا دونوں ممالک کے لیے مفید ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، مشکل وقتوں میں سعودی عرب کی معاونت پر شکرگزار ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔