(ویب ڈیسک)معروف اداکار عمر عالم فضا مسرور کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
نکاح کی تقریب 24 جنوری کو نہایت سادگی سے منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
نکاح کے موقع پر عمر عالم نے ہلکے پاؤڈر بلیو رنگ کا نفیس روایتی لباس زیب تن کیا، جس کے ساتھ ڈیزائنر کوٹ نے ان کے انداز کو خاصا دلکش بنا دیا جبکہ دلہن فضا مسرور نے ڈسٹی روز رنگ کا روایتی عروسی لباس پہنا، جس پر چاندی اور سنہری کڑھائی کے ساتھ نفیس سیکوئن ورک کیا گیا تھا۔
شادی کی تصاویر اور چند مناظر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیے، جس میں جوڑے کو خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کچھ تصویروں میں جوڑا ساحل سمندر کے قریب ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے نظر آیا، جو شادی کے فوٹو شوٹ کا حصہ تھا۔
اس خوشی کے موقع پر عمر عالم نے اپنے قریبی دوستوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، جن میں شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف، حسن رضوی، حنا میر اور دیگر شامل تھے۔

عمرعالم کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز بعد ازاں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔
واضح رہے کہ عمر عالم نے دسمبر 2024 میں اپنی اہلیہ فضا مسرور کو ایک فضائی سفر کے دوران منفرد انداز میں جہاز میں پروپوز کیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔
نکاح سے قبل شادی کی تقریبات کا آغاز ایک سادہ ڈھولکی سے کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے عمر عالم اور فضا مسرور کومبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ عمر عالم نے فنی کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا تھاجس کے بعد ڈرامہ سیریل ’’شہنائی‘‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی،اس کے علاوہ فلم ’’پرچی‘‘ میں ان کی اداکاری کو بھی سراہا گیا، تاہم انہیں اصل پہچان ریائلٹی شو ’’تماشا سیزن ون‘‘ جیتنے کے بعد ملی۔
عمرعالم کے نمایاں ڈراموں میں پہلی سی محبت، ٹیکسالی گیٹ، رقصِ بسمل، گرو اور حالیہ دنوں میں مقبول ہونے والا ڈرامہ رسمِ وفا شامل ہیں۔