(اویس کیانی) وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے جی سکس آبپارہ اسلام آباد میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا،، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سبزی، پھل اور اشیائے ضروریہ کے سٹالز کا معائنہ کیا اور رمضان سہولت بازار میں دکانداروں اور خریداروں سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق عوام نےسہولت بازار مین مناسب قیمتوں اور انتظامات پر حکومت کا شکریہ ادا کیا،خریداروں نے فروٹ کے بڑھتے ہوئے نرخوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ایک خاتون خریدار نے وزیر مملکت برائے داخلہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بازار کے وزٹ اور مانیٹرنگ سے اعتماد بڑھتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بازار کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، طلال چوہدری نے بازار میں صفائی اور سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم میاں محمد شہباز کے احکامات واضح ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف قیمتوں پر نظر رکھتے ہیں اور 2 روپے بھی اضافہ ہو تو پوچھ گچھ کرتے ہیں، عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،؎عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ طلال چوہدری نے بازار کے انتظامات پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے انتظامیہ کو شاباش دی۔اس دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی جی انفورسمنٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے۔
Stay tuned with 24 News HD Android App