اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشن پر ردِعمل دیتے ہوئے 8 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے قلات میں مؤثر کارروائی کر کے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کہیں بھی چھپنے نہیں دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاست پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔