عرفان ملک:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں حافظ محمد سجاد اور عامر خلیل شامل ہیں، جنہیں لاہور اور پاکپتن کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم حافظ محمد سجاد نے ایک شہری کو دبئی کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر تقریباً 7 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ جبکہ دوسرا ملزم عامر خلیل ایک غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، جو مبینہ طور پر ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھی۔
چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 8 پاکستانی پاسپورٹس اور دیگر اہم سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔
ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔