حسن علی:شہر میں شدید گرمی کے ساتھ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ روز شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کا شارٹ فال 350 میگاواٹ تک ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہری و دیہی علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق کمرشل فیڈرز پر صرف 15 منٹ کی لوڈ مینجمنٹ کی گئی جبکہ انڈسٹریل اور انڈیپینڈنٹ فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ تاہم پاور ڈویژن کی ہدایات کے تحت پیک آورز میں سوا 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہری علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 6 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کی شمولیت سے شارٹ فال تقریباً ختم ہو جاتا ہے، تاہم شام کے اوقات میں طلب بڑھنے کے باعث بجلی کی کمی پیدا ہو جاتی ہے، جسے پورا کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بجلی کی بندش سے کاروبار، گھریلو امور اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے، اور صورتحال میں بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔