سٹی 42 : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے سندھو پر حملہ کیا گیا ہے، بھارت کو پیغام ہے،سندھو ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا، سندھو دریا سے پانی بہے گا یا ان کا خون بہے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے سکھر میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان معاہدہ ہوا ہے، طے ہوچکا ہے عوام کی مرضی کے بنا کوئی نئی کینال نہیں بنے گی، سی سی آئی میں باہمی رضامندی کے بغیر سندھو دریا سے نہرنہیں بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے مسائل حل کرنے کیلیے مل کر کوشش کریں گے، جن منصوبوں پر اتفاق رائے نہیں ہے وہ منصوبے ختم کیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اعتراضات سننے پر وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں، سی سی آئی میں پانی کے مسئلے پر اعتراضات سنے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھو کو بچانے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے سندھ کو بچا لیا، بھارت کی طرف سے سندھو پر حملہ کیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے اپنی کمزوری چھپانے اور اپنی عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے پاکستان پر الزامات لگائے، بھارت کو پیغام ہے،سندھو ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا، سندھو دریا سے پانی بہے گا یا ان کا خون بہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھو دریا کے وارث ہیں، اس کا تحفظ کریں گے۔
جلسے کے دوران بلاول بھٹو نے ’سندھو پر ڈاکا نا منظور‘کے نعرے لگائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرحدوں پر پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔ سندھو دریا بچانے کیلیے وزیراعظم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، چار صوبے ، چار بھائی مودی کو منہ توڑ جواب دیں گے ۔