ویب ڈیسک: نہروں کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کو طلب کرلیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 2مئی کو ہونے والے 52ویں سی سی آئی اجلاس کی صدارت کریں گے،اجلاس میں شرکت کے لیے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، وفاقی سیکریٹریز اور چیف سیکریٹریز کو دعوت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ متنازع نہروں کے معاملے پر حکومت سندھ نے سی سی آئی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا اور گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں فیصلہ ہونے تک کوئی نئی نہر نہیں بنے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جنوبی پنجاب میں 12 لاکھ ایکڑ بنجر زمین کو سیراب کرنے کے لیے 6 نہریں تیار کرنے کے لیے شروع کیے گئے 3.3 ارب ڈالر کے گرین پاکستان انیشی ایٹو کی پیپلز پارٹی کے علاوہ کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بھی شدیدمخالفت کی ہے،حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی سمیت سندھ کی قوم پرست و دیگر سیاسی جماعتوں اور وکلاء نے 6 نہریں نکالنے کے خلاف مسلسل احتجاج جاری رکھاہوا ہے۔