طیب سیف :سی ڈی اے نے اسلام آباد کے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کی سیر کے لیے جدید اور ماحول دوست الیکٹرک بسز کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ وہ ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے دارالحکومت کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسیں اسلام آباد کے 15 سے زائد اہم تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات سے منسلک ہوں گی۔روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک شامل ہوں گے۔
سی ڈی اے کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو دارالحکومت کی خوبصورتی دیکھنے کا نیا اور منفرد موقع فراہم کرے گی۔الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں میں 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ شہریوں اور سیاحوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی ادارے کی اہم ترجیح ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کی سیر کو ایک نیا اور منفرد انداز دے گی, اس اقدام کا مقصد اسلام آباد کو مزید پرکشش اور سیاح دوست دارالحکومت کے طور پر فروغ دینا ہے۔
شہریوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سیاحت اور تفریح کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔