سٹی 42: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ،بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں دبئی میں مدمقابل تھیں۔ جہاں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے ایک بار پھر جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف 37 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
شبمن گل 29، شیوم دوبے 2، کپتان سوریا کمار یادیو اور تلک ورما 5،5 اور پانڈیا 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 127 رنز بناسکی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سیف حسن 69 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پرویز حسین نے 21 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیش ی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، بمراہ اور چکرورتی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ اس جیت کے ساتھ بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا اور سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔البتہ بھارت نےاپنا سپر 4 مرحلے کا آخری میچ جمعہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے۔
بھارت کے فائنل میں پہنچنے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جمعرات کو ہونے والا میچ ورچوئل سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے ، جیتنے والی ٹیم بھارت کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔