ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے دو مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی ۔عدالت نے مجرمان محمد اسرار کو 15 سال قید اور محمد جابر کو 9 سال قید کا فیصلہ برقرار رکھا ۔
جسٹس فاروق حیدر اورجسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل بنچ نے مجرموں کی اپیل پر سماعت کی۔پراسیکیوشن کی طرف سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے دلائل دیے۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مجرمان سے بھاری تعداد میں افیون اور برس برآمد ہونا ثابت ہوا ہے۔ فرانزک رپورٹ سے بھی مجرمان کے قصور وار ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ٹرائل کورٹ نے گواہان کے بیانات اور فرانزنک رپورٹ کی روشنی میں میرٹ پر سزا دی ۔ ملزمان کے خلاف تھانہ پھلروان ، ضلع سرگودھا نے مقدمہ درج کیا ۔سزا یافتہ مجرمان کی جانب سے وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ بدنیتی سے مقدمہ میں ملوث کیا گیا ۔ تمام گواہان پولیس کے ہیں ، پبلک کے نہیں۔ وکیل صفائی مجرمان کی اپیل میں عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔ دو رکنی بنچ نے اپیل خارج کردی ۔