علی ساہی :ڈرائیونگ لائسنس کارڈز کی ڈلیوری اور معیار بہتر بنانے کے لیے نیا کنٹریکٹ جاری کر دیا گیا۔
ٹریفک حکام کے مطابق پنجاب بھر میں روزانہ ساڑھے تین لاکھ سے زائد لائسنس کارڈز جاری کیے جاتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ موجودہ کارڈز کا کنٹریکٹ یکم نومبر کو ختم ہو جائے گا، جس کے بعد نیا کنٹریکٹ ریڈ ایپل کمپنی کو دیا گیا ہے۔ نیا کنٹریکٹ موجودہ ریٹ سے 7 روپے کم یعنی 51 روپے فی کارڈ پر جاری کیا گیا ہے، جب کہ پرانا کنٹریکٹ 57 روپے فی کارڈ کے حساب سے تھا۔
ٹینڈر میں دو کمپنیوں نے حصہ لیا، اور کم ریٹ دینے پر ریڈ ایپل کو تین سالہ کنٹریکٹ دیا گیا۔ حکام کے مطابق نئی کمپنی کے پاس روزانہ 30 ہزار سے زائد کارڈز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ لائسنسنگ پر فوکس سے لائسنس بنوانے کے رجحان میں اضافہ متوقع ہے، اور روزانہ کارڈز کے اجرا کی تعداد 15 سے 20 ہزار سے بڑھ کر 25 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔