ویب ڈیسک:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے موصول ہونے والا لیگل نوٹس پھاڑ کر مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ انہیں قانونی نوٹس میں تنقیدی بیانات واپس لینے، معافی مانگنے، معاہدے کی خلاف ورزی پر فرنچائز معاہدہ ختم کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دھمکیوں سے وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے اور خاموش نہیں رہیں گے۔ علی ترین نے کہا کہ انہیں پی ایس ایل سے بے پناہ محبت ہے اور یہ لیگ صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے، تاہم مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی تیاری کے باوجود آج تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
The PSL Management has sent me a notice threatening to cancel Multan Sultans unless I offer them a public apology. Hazir Saeen. pic.twitter.com/yHWCcClXaD
— Ali Khan Tareen (@aliktareen) October 23, 2025
ویڈیو میں علی ترین نے ذو معنی معذرت بھی کی، جس میں انہوں نے ڈرافٹ، ٹریننگ سہولیات اور افتتاحی تقریب پر تنقید کرنے کے لیے معافی مانگی اور پی ایس ایل مینجمنٹ میں قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کرنے پر بھی معافی کی۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے ملتان سلطانز پر معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں قانونی نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹس کے ذریعے لیگ کی ویلیو کو کم کرنے کی کوشش کی تاکہ آئندہ 10 سال کے لیے ویلیو ایشن کم کی جا سکے۔ اگر ملتان سلطانز نے نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دیا تو معاہدے کی منسوخی اور مالکان کو بلیک لسٹ کرنے کا امکان بھی ہے۔