شاہد سپرا: وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے صارفین کو ماہانہ اربوں روپے کے اضافی بل ادا کرنا ہوں گے، شہریوں نے بھاری بھرکم بلوں کی ادائیگی کی بجائے بجلی کا استعمال بند کرنے کا عندیہ دیدیا ہے۔
وفاقی حکومت نے رواں سال جون اور جولائی میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، فیول ایڈجسٹمنٹ رواں ماہ کے بلوں میں وصول کی جائیگی جس کی وجہ سے لیسکو صارفین ساڑھے تین ارب روپے اضافی ادا کریں گے۔ اسی طرح ماہ اگست کے یونٹس پر بھی ایک روپیہ چھیاسٹھ پیسے فی یونٹ کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے، جو ماہ نومبر کے بلوں کیساتھ وصول کئے جائیں گے، لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ڈالر کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول کرنا ہوتے ہیں۔
صارفین کی بڑی تعداد بھاری بھرکم بل وصول ہونے پر ہیڈکوارٹرز کا رخ کر رہی ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے ان کو موم بتی جلانے کے زمانے میں دھکیلا جارہا ہے۔ بجلی صارفین بار بار فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بل ادا کرنے پر مجبور ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔