دورنایاب: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ا براہیم سلیم الزابی کی ملاقات، یو اے ای کی جانب سے جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقے گلاب والہ میں بنایاگیا ہسپتال پنجاب حکومت کے سپرد۔
یو اے ای اورمحکمہ صحت پنجاب کے درمیان ہسپتال کی سپردگی کے حوالے سے معاہدہ ہوا ، وزیراعلیٰ آفس میں گائنی ہسپتال کو یو اے ای سے پنجاب حکومت کے سپردکر نے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اورمتحدہ عرب امارات کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یو ا ے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم اور صوبائی سیکرٹری صحت علی جان نے معاہدے پر دستخط کیے، ہسپتال کی عمارت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بنائی تاہم معاہدے کے تحت یہ عمارت محکمہ صحت پنجاب حکومت کے سپردکردی گئی ہے اورہسپتال کو پنجاب حکومت ہی چلائے گی۔
دوسری جانب یو اے ای کے سفیرنے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے تقریب میں شرکت کی دعوت دی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت قبول کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں توانائی، جنگلات، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے یو ای اے کے سفیر کو ڈاکٹر یٹ کی ڈگری ملنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ کانفرنس آف پارٹی 28 انوائرنمنٹ سمٹ میں پاکستان پویلین میں پنجاب کی بھرپور نمائندگی کی جائے گی جبکہ دوسری طرف سفیر متحدہ عرب امارات نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی انتہائی فعال طریقے سے کام کررہے ہیں، محسن نقوی انتھک محنت سے عوام کی خدمت کررہے اور ان کے فوری اقدامات سے عوام کے لئے آسانیاں ہونگی۔
اس موقع پر صوبائی وزرا عامر میر، ڈاکٹر جمال ناصر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز زراعت،آبپاشی، صحت،اطلاعات اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے