عابد چوہدری: کوٹ لکھپت کے علاقے میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری، بینک سے 8 لاکھ کی نقدی نکلوانے والے شہری ایاز سے ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی سی سی ٹی وی سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ چند رائے روڈ پر ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو شہری ایاز سے 8 لاکھ نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ 16 نومبر کی صبح 11 بجے شیخ ایاز نامی شہری اپنے دوست کے ہمراہ بینک سے 8 لاکھ روپے نقدی نکلوا کر نکلا، جہاں ڈاکوؤں نے اس کا تعاقب شروع کردیا اور گن پوائنٹ پر لوٹ مار شروع کردی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شلوار قمیض میں ملبوس 2 ڈاکوؤں کو دیکھا جاسکتا ہے، ایک ملزم نے کپڑے سے جب کہ دوسرے نے ہیلمٹ کی مدد سے چہرہ چھپا رکھا ہے۔ دونوں ملزم گن پوائنٹ پر شہری کو ڈراتے دھمکاتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم واردات کے دوران شہری ایاز سے نقدی والا بیگ چھین لیتے ہیں جب کہ شہری کی جیب کا بھی صفایا کیا اور موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا مگر ابھی تک ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔