(ویب ڈیسک) بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ (سی جے پی ) کا ’ایکس‘ اکاؤنٹ معطل کئے جانے کے بعد گزشتہ روز اسکی ویب سائٹ بھی بلاک کر دی گئی.سی جی پی پر کریک ڈاؤن نیٹ پیپر لیک کے خلاف بھارت کے مرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبہ کے بعد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا کے تبصرہ کے ردعمل میں بطور طنز و احتجاج شروع کی گئی اس آن لائن تحریک کے بانی ابھیجیت دِپکے نے الزام لگایا ہے کہ انکا ذاتی انسٹا گرام اکاؤنٹ اور پارٹی کا بیک اپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے اسے مودی سرکار کی آمریت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حکومت کاکروچوں سے اتنی ڈری ہوئی کیوں ہے؟‘‘ان کا کہنا ہے کہ’’سرکار کا یہ آمرانہ طرز عمل بھارتی نوجوانوں کی آنکھیں مزید کھول رہا ہے‘‘۔ کاکروچ جنتا پارٹی سی جے پی کی ویب سائٹ کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن جمعہ کو اس پر شروع کئے گئے اُس آن لائن پٹیشن کےبعد کیاگیا جس میں نیٹ پیپر لیک کے خلاف مرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ابھیجیت دپکے کے ’ایکس‘ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی کی ویب سائٹ پر 10لاکھ افراد نے ممبرشپ کا فارم بھرا تھا جبکہ6لاکھ افراد دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کی پٹیشن پر دستخط کرچکے تھے۔
ابھیجیت دِپکے نے گزشتہ روز بتایا کہ ٹیک ڈاؤن (بند کرنے) اور ہیکنگ کے متعدد واقعات کے بعد اب وہ پارٹی کے کسی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کر پارہے ہیں۔ دپکے نے جن کا تعلق اورنگ آباد سے ہے، اور جو حصول تعلیم کیلئے باسٹن میں ہیں، نے ایکس پر کئے گئے پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ان کا ذاتی انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا گیا ہے۔ انہوں نےڈجیٹل کریک ڈاؤن کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے ہفتے کے روز صبح ساڑھے 8بجے ’ایکس ‘پوسٹ کیا کہ ’’ کاکروچ جنتا پارٹی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسٹاگرام پیج ہیک ہو گیا۔ میرا ذاتی انسٹاگرام بھی ہیک ہو گیا۔ ٹویٹر اکاؤنٹ بھارت میں بند کردیا گیا ہے۔ بیک اپ اکاؤنٹ بھی ہٹا دیا گیا ہے‘‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ’’ہمیں اپنے کسی بھی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ اس کے بعد کی جانے والے کسی بھی پوسٹ کاکروچ جنتا پارٹی کا سرکاری بیان نہ سمجھا جائے ‘‘۔