عرفان ملک:حسین آباد، چوہنگ میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کی شکایت پر ایکشن، پولیس کی تیز ترین کارروائی، زیادتی کرنے والے ملزمان 2 گھنٹے میں گرفتار۔
تفصیلات کےمطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران مقدمہ کی تمام کاروائی کی خود نگرانی کر رہے ہیں، تین ملزمان گرفتار، چوتھے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ چوہنگ میں دفعہ 375 اے کے تحت مقدمہ نمبر 2029/25 درج کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں وسیم اکرم، شہزاد اور عدنان شامل ہیں، چوتھے ملزم ارشد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
ملزم وسیم اکرم نے متاثرہ خاتون کو ساہیوال سے بلا کر اپنے رشتہ داروں کے گھر رکھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے متاثرہ خاتون کو دو دن تک نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی اور طبی مدد فراہم کی جا رہی ہے،گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، زیادتی جیسے گھناونے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔