پنجاب کابینہ نے کورونا آرڈیننس 2020 کی منظوری دیدی

پنجاب کابینہ نے کورونا آرڈیننس 2020 کی منظوری دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 192 ممالک میں  پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، وائر س سے ایک اور مریض جاں بحق، ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 7 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 864 ہوگئی، سندھ میں 394، پنجاب میں 242، بلوچستان میں 110 مریض، خیبرپختونخوا میں 31، گلگت بلتستان میں 71، اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

  پنجاب حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے، لاہور سمیت پنجاب   بھر میں کل سے  14 دن کیلئے لاک ڈاؤن کردیا گیا، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز ، شاپنگ مالز اور مارکیٹیں بند ہیں، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ ہے، پنجاب کابینہ نے آج  شہریوں کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب کورونا آرڈیننس 2020 کی منظوری دیدی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت آج  پنجاب کا بینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے کورونا وائرس کے تدارک کے لئے کورونا آرڈیننس 2020 کی منظوری دیدی،  آرڈیننس کے تحت پنجاب میں کسی بھی شخص کی نقل وحرکت کو کنٹرول کیا جا سکے گا، کسی بھی شہری کو علاج کی غرض سے اس کو گھر سے سرکاری ہسپتال منتقل کیا جا سکے گا، شہری کو گھر میں ایک مقررہ وقت تک رہنے کا پابند کیا جا سکے گا۔

 آرڈیننس کے تحت کسی بھی خطرناک مرض پر قابوپانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنے اختیارات استعمال کر سکے گی، آرڈیننس کی حکم عدولی پر 10 ہزار روپے سے50 ہزار روپے جرمانہ یا 6 ماہ تک قید  کی سزا ملے گی۔

 ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کےاجلاس سے قبل کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عملی اقدامات کیے گئے، اجلاس سےپہلے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزراء اورمتعلقہ افسران کاتھرموگن سے ٹمپریچر چیک کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب،صوبائی وزراء اورافسران نے اجلاس میں شرکت سے قبل سینی ٹائزر استعمال کیا جبکہ کابینہ اجلاس میں شرکاء کی کرسیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا گیا۔

 طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer