جیل روڈ (زاہد چودھری) لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا قیامت ڈھانے لگا، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران مزید 24 اموات اور 528 نئے کورونا مریض سامنے آگئے، شہر کے تین ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا مریضوں کیلئے جگہ ختم، پنجاب حکومت نے کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کے ایس او پیز میں نرمی کردی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق 101 روز کے دوران لاہور میں کورونا سے 580 اموات ہوئیں اور 34820 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے 1365 نئے کیسز کے ساتھ مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 68,308 ہو گئی ہے، صوبے میں چوبیس گھنٹوں کے دوران قاتل کورونا وائرس سے 60 اموات کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 1495 ہوگئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق صوبے میں اب تک 435,187 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 19,580 ہو چکی ہے۔ شہر کے تین ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتہائی نگہداشت یونٹس میں کورونا مریضوں کیلئے جگہ ختم ہو گئی، مجموعی طور پر مختص کردہ ایچ ڈی یو کے 50 فیصد جبکہ آئی سی یو میں 75 فیصد بستروں پر مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کیا جا رہاہے ۔ لاہور جنرل ہسپتال کے آئی سی یو اور ہائی ڈپنڈنسی یونٹ میں کورونا مریضوں کیلئے جگہ نہیں ہے، جنرل ہسپتال سمیت جناح اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے آئی سی یو میں مریضوں کیلئے جگہ ختم ہو چکی ہے۔
شہر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ہائی ڈپنڈنسی یونٹ 50فیصد جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈز 75 فیصد بستروں پر مریض زیرعلاج ہیں ۔شہر کے پبلک سیکٹر ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے آئی سی یو میں 180 بستر مختص ہیں۔ جن میں سے 135 پر مریض زیر علاج ہیں جبکہ 45 مریضوں کیلئے گنجائش موجود ہیں, ہسپتالوں کے ہائی ڈپنڈنسی یونٹ میں مریضوں کیلئے 522 بستر مختص ہیں جن میں سے 255 خالی ، جبکہ 257 پر مریضوں کو علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کے ایس او پیز میں نرمی کردی، ایس او پیز میں نرمی کے تحت ورثا غسل، جنازے اور تدفین میں شامل ہوں سکیں گے جبکہ ورثا میت کا منہ بھی دیکھ سکیں گے، البتہ میت کو چھو نے یا چومنے کی اجازت نہیں ہو گی،اس کے علاوہ تابوت کی شرط ختم کردی گئی ہے مگر میت کو پلاسٹک میں لپیٹا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مزید ایریاز کو مکمل بند کرنے کیلئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا، کابینہ کمیٹی کو مجوزہ علاقوں میں کوروناکیسز کی صورتحال اور مکمل لاک ڈاؤن کرنے پر بریفنگ دی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تجویز کنندہ مکمل لاک ڈاؤن علاقوں میں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ، ڈی ایچ اے ،گلشن راوی ،فیصل ٹاؤن ،گارڈن ٹاؤن ، اندرون شہر والڈ سٹی شامل ہیں، چیف سیکرٹری محکمہ صحت کی تیارکردہ رپورٹ کابینہ کمیٹی میں منظوری کیلئے پیش کریں گے، تجویزکنندہ علاقوں کے مکمل لاک کیلئے کابینہ کمیٹی کی منظوری سے مشروط کیا گیا تھا۔