ویب ڈیسک : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے ایک مسافر سے 50 تولہ خالص سونا برآمد کر لیا، جس کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق جناح ٹرمینل کے ڈپارچر ایریا میں مشکوک مسافر کی جسمانی جانچ پڑتال کے دوران سونے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز خضر فیض نے بتایا کہ کارروائی کے دوران خالص سونے کے 8 بسکٹ اور 8 سکے برآمد کیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ برآمد ہونے والا سونا ایئر عربیہ کی پرواز ای اے 607 کے ذریعے دبئی لے جایا جا رہا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ضبط شدہ سونا سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔