دورِ نایاب:لاہور میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے واسا نے ایک ارب روپے کے اون سورس فنڈز سے دو نئے واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ ٹینکس لکشمی چوک اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے علاقوں میں قائم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق واسا نے منصوبے کیلئے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں جبکہ این او سیز کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔ لکشمی چوک کے علاقے میں دیال سنگھ کالج کے گراؤنڈ میں انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک تعمیر کیا جائے گا، جبکہ یو ای ٹی کے گراؤنڈ کو بھی واٹر اسٹوریج ٹینک کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب حکومت کے فنڈز سے 10 سے زائد واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ نئے ٹینکس کی تکمیل سے لکشمی چوک کا دیرینہ پانی کا مسئلہ حل ہونے کی توقع ہے جبکہ یو ای ٹی کے سامنے اور ملحقہ آبادیوں کو بھی نمایاں ریلیف ملے گا۔
حکام کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام انتظامی و تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔