ویب ڈیسک : دارالحکومت میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایم ٹیگ حاصل کرنے کی آخری تاریخ کا اعلان کردیا گیا، ساتھ ہی خبردار بھی کیا گیا ہے کہ یکم مارچ سے بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد میں سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ایم ٹیگ مہم کے دوسرے مرحلے میں اب تک 2 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کو ایم ٹیگ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عرفان میمن نے بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگوانے کی آخری تاریخ 28 فروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکم مارچ سے بغیر ایم ٹیگ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں متعلقہ تھانوں منتقل کی جائیں گی۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ایم ٹیگ سینٹرز چھٹی کے روز بھی کھلے رہیں گے اور اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
عرفان میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل ایم ٹیگ لگوا کر شہر کو محفوظ بنانے میں تعاون کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔