ویب ڈیسک : ٹرین کا سفر کرنے والے افراد کیلئے اچھی خبر ہے کہ کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی شاہ حسین ایکسپریس ٹرین 25فروری سے بحال کی جا رہی ہے۔
پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر علی بلوچ نے آج شاہ حسین ایکسپریس کا معائنہ کیا، ان کے ہمراہ ڈی ایس ریلوے لاہور محمد حنیف گل سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ حکام نے شاہ حسین ایکسپریس کی تمام کوچز اور تمام کلاسز کا تفصیلی معائنہ کیا، کوچز کی خوبصورتی، معیار سمیت صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا گیا، معائنے کے دوران لائٹنگ، فینز اور دیگر سفری سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
عامرعلی بلوچ نے کہا کہ مسافر پاکستان ریلوے کا سرمایہ ہیں مسافروں کوبہترین سفری سہولت فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
شاہ حسین ایکسپریس کراچی کینٹ سے رات 7 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوکر حیدرآباد، روہڑی، بہاولپور، لودھراں، خانیوال، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر 2 بجکر 15 منٹ پر لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ اس کے علاوہ شاہ حسین ایکسپریس لاہور سے رات 7 بجے روانہ ہوکر 2 بجکر پانچ منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی، ٹرین 10 اکانومی کلاس کوچز، 2 اے سی بزنس، 2 اے سی اسٹینڈرڈ، ایک پاور پلانٹ اور ایک برین وین پر مشتمل ہوگی۔