علی رامے:پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور مستقبل میں سیلابی خطرات کم کرنے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے 60 ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
قرض کے حصول کے لیے اعلیٰ سطح کی مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ قرض متاثرہ اضلاع میں سیلابی خطرات کم کرنے، انفراسٹرکچر کی بحالی اور زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی مرمت کی جائے گی بلکہ زرعی رقبے کو سیلابی نقصان سے بچانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
قرض کے حصول کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کریں گے۔ کمیٹی ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ قرض کی شرائط، فنانسنگ اور دیگر تکنیکی امور پر مذاکرات کرے گی۔
پنجاب حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے باضابطہ بات چیت کی اجازت بھی دے دی ہے، جس کے بعد قرض کے حصول کے عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔