عرفان ملک:لاہور پولیس نے کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کا فول پروف پلان ترتیب دے دیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے 12 ایس پیز، 36 ایس ڈی پی اوز اور 109 ایس ایچ اوز اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور کے 622 گرجا گھروں کو سکیورٹی کے اعتبار سے اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری کے 59 اور بی کیٹیگری کے 84 گرجا گھروں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سی کیٹیگری کے 378 اور ڈی کیٹیگری کے 101 گرجا گھروں پر بھی مناسب سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق کرسمس کے موقع پر پی آر یو کی 22، ڈولفن اسکواڈ کی 41 اور ایلیٹ فورس کی 9 ٹیمیں سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار خصوصی طور پر تعینات ہوں گی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ کرسمس پر لاہور کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور لاہور پولیس مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کو بھرپور تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔