سٹی 42:سوسائٹی کے مالک ڈاکٹر امجد نے پلی بارگین کےلیے نیب سے رجوع کرلیا، ڈاکٹر امجد نے پلی بارگین درخواست میں ابتدائی طور پر 1 ارب روپے دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ڈاکٹر امجد نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پلی بارگین کی درخواست منظور ہونے کے 10 دن کے اندر پہلی قسط جمع کروا دوں گا۔ ملزمان گزشتہ دور حکومت میں بیرون ملک فرار ہوگئے تھے اور احتساب عدالت نے ڈاکٹر امجد کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
احتساب عدالت ڈاکٹر امجد ،مرتضی امجد، مصطفی امجد اور انجم امجد اشتہاری قرار دے چکی ہے، ملزمان پر ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی میں 11 ہزار افراد سے 25 ارب سے زائد کا فراڈ کا الزام عائد ہے۔ ملزمان نے عوام سے مبینہ طور پر 25 ارب 10 کروڑ روپے وصول کئے بعدازاں ملک سے فرار ہوگئے۔
نیب لاہور میں کم و بیش گیارہ ہزار متاثرین اپنے نقصان کے ازالے کے لیے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں، ملزمان کے خلاف ریفرنس 10 ہزار سے زائد صفحات اور 12 فولڈرز پر مشتمل ہے، ملزمان نے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کرکے ان کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹی، نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ابھی تک شکایات موصول ہو رہی ہیں۔