سعید احمد:ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی اور دیگر شہروں کو جانے اور آنے والی ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی تین ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ قراقرم اور کراچی ایکسپریس کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو بھی گرین لائن میں منتقل کیا جائے گا۔
ریلوے شیڈول کے مطابق پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر ساڑھے 4 بجے کے بجائے شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوگی، جب کہ گرین لائن اپنے مقررہ وقت رات 8 بج کر 50 منٹ پر لاہور سے کراچی روانہ ہوگی۔
مزید برآں کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کو متبادل روٹس کے ذریعے لاہور اور ساہیوال سے گزارا جائے گا، جبکہ واپسی پر بھی یہ ٹرینیں مختلف شہروں سے گزر کر اپنی منزلوں تک پہنچیں گی۔