تحریک کا رُخ کسی بھی وقت جیلوں کی طرف موڑ دیں گے : مولانا فضل الرحمان

تحریک کا رُخ کسی بھی وقت جیلوں کی طرف موڑ دیں گے : مولانا فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم کے صدر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم تحریک کا رخ جیلوں کی طرف موڑ دیں گے، نادیدہ قوتوں کی بالادستی کسی صورت قبول نہیں، کراچی میں اشتہاری کے ذریعے ایف آئی آر کٹوائی گئی۔

مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ میں مدرسہ جامعہ اشاعت القرآن میں جے یو آئی کے صوبائی رہنما مولانا راشد محمود سومرو اورجے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں نہیں دے رہے، پورے ملک میں اضطراب اور بے چینی کی صورتحال ہے، ملک میں کوئی حکومت نہیں، انتظامی ڈھانچہ بکھرا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو روز قبل سندھ پولیس کا رد عمل اس بات کی نشاندہی کررہا ہے کہ پانی سر سے گزرچکا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت جن پر نیب مقدمات ہیں اور وہ ضمانت پر ہیں، ان کی ضمانتیں رد کرواکر گرفتاریاں کی جارہی ہیں اگر پی ڈی ایم کی قیادت کی گرفتاریاں نہ روکی گئیں تو ہم تحریک کا رخ جیلوں کی رخ موڑنے کو تیار ہیں، ٹھوڑی پر ہاتھ پھیر کر دھمکیاں دینے والے کراچی کے ہوٹل میں کیپٹن صفدر اور مریم نواز والے واقعے پر بری ذمہ قرار نہیں دیئے جاسکتے۔

مولانا نے کہا کہ وفاق نے سمجھ لیا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے حزب اختلاف کی جماعتیں مرعوب ہوجائیں گی لیکن ہم ساری زندگی مارشل لا سے لڑنے کے عادی ہیں بلاول بھٹو کا دورہ گلگت بلتستان پہلے سے شیڈ ولڈ تھا اس دورے کو ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بلاول بھٹو سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی جلسہ میں میاں نواز شریف کو تقریر سے روکنے کی بات غلط ہے، کوئٹہ جلسے میں نواز شریف تقریر کریں گے، میری شرافت مجھے اجازت نہیں دیتی کہ میں وفاق اور ان کے وزرا کے ہر الزامات کا جواب دوں، آمرانہ قوت اور غیرآئینی حکومت کو کھلواڑ کرنے نہیں دیں گے، مہنگائی سے ہر طبقہ چیخ رہا ہے لیکن حکمران سو رہے ہیں، اگر حکومت فراہم نہیں کرسکتی تو وہ ہمیں اجازت دیدے ،سی پیک منصوبہ پر تمام جماعتوں کا اتفاق تھا جسے متنازعہ بنایا گیا۔

Sughra Afzal

Content Writer